اسلام آباد

وفاقی کابینہ نے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات کے لیے قانونی اور آئینی ترامیم کی سفارشات منظور کرلیں جس کے تحت فاٹا آئندہ 5 برسوں میں خیبر پختونخوا کا حصہ بن جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات کے لیے قانونی اور آئینی ترامیم کی سفارشات منظور کرلیں جس کے تحت فاٹا آئندہ 5 برسوں میں خیبر پختونخوا کا حصہ بن جائے گا، کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ فاٹا کی ترقی پورے ملک اور قوم کی ذمہ داری ہے، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے لوگوں کو ان کا حق ملنا چاہیے جب کہ فاٹا کے لوگوں کے لیے وسائل فراہمی کی ذمہ داری وفاق کی تمام اکائیوں کی ہے اور تمام صوبوں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام حصوں کے ملکی وسائل پر برابر کے حقوق ہیں لہذا پیچھے رہ جانے والے علاقوں اور عوام پر خاص توجہ دینی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر پاکستانی کا ہے، قومی یکجہتی کے لئے ضروری ہے پاکستانیت کے جذبہ کو فروغ دیا جائے، ہر پاکستانی کو آگے بڑھنے کا یکساں موقع دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں لانا صرف اسلام آباد میں رہنے والوں کی ذمہ داری نہیں۔ فاٹا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کو قومی دھارے میں لانے کے مخالفین صوبائیت کو فروغ دے رہے ہیں تاہم کسی بھی تمیز کے بغیر ہر پاکستانی کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دیے جائیں۔

وفاقی کابینہ میں منظور کی گئی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے لیے 5 سال درکارہوں گے، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ فاٹا سے فوج کے انخلا کے لیے لیویز میں 20 ہزار مقامی افراد بھرتی کیے جائیں، فاٹاکی معاشی ترقی کےلیےجامع اصلاحات کی جائیں اور این ایف سی میں فاٹا کے لیے 3 فیصد حصہ مختص کیا جائے۔ فاٹا میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے بینچز قائم کیے جائیں اور قبائلی علاقوں میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close