کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کے ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، متعلقہ بورڈ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی بورڈ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی، افسران کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا، اسی طرح دیگر ملازمین کی تنخواہیں بھی بڑھیں گی۔
سی اے اے کے دیگر عملے کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ سی اے اے بورڈ کے اجلاس میں چیئرمین سی اے اے نے باضابطہ طور پر تنخواہوں میں اضافے سے متعلق منظوری دی۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی سعد بن ایوب کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کی باضابطہ منظوری کے بعد تنخواہوں میں فوری طور پر اضافہ کردیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بورڈ کے اجلاس میں ملازمین ایس جی 1 تا 11کے ملازمین کو فوری طور پر50ہزارر وپے ادا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، وزارت خزانہ کی منظوری کے فوری بعد ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی مزید رقم بھی ایڈجسٹ کردی جائے گی۔