گلگت بلتستان

پیپلز پارٹی کے اقتدار میں آنے سے قبل وزیراعلیٰ حفیظ الرحمان اور اسکی ٹیم جیل میں ہوگی، پیپلز پارٹی جی بی

گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدر جمیل احمد، نائب صدر بشیر احمد، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سعدیہ دانش، جاوید حسین، سمیت درجنوں عہدیداروں نے گلگت پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ جی بی میں موجودہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے ہوتے ہوئے میرٹ پر کام نہیں ہوسکتا۔ حکومت نے اگر کرپشن کا رویہ ترک نہیں کیا تو بیروزگار نوجوان قوم پرستی یا فرقہ پرستی کی طرف جائیں گے۔ کسی بھی فساد کی وجہ کرپشن اور انصاف کا قتل ہوتا ہے۔ صوبائی حکومت ایک پرامن ماحول کو فساد کی طرف لیکر جارہی ہے۔ اداروں میں میرٹ کا قتل عام جاری ہے، تمام ٹھیکے وزیراعلٰی کے بھائی، پی ڈبلیو ڈی کے ایکسیئن اور کشروٹ سے تقسیم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیور میں 1.5 میگاواٹ کا منصوبہ بغیر ٹینڈر کے نون لیگ کے ٹھیکدار کو دیا گیا ہے۔ جگلوٹ میں وزیراعلٰی کے رشتہ دار کو 9 کروڑ روپے کا منصوبہ بغیر قوائد و ضوابط کے دینے کی تیاری کی جارہی تھی، جسے عوام نے بھگا دیا۔

 امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہر ضلعے میں احتجاجی جلسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تھلیچی میں عوام سے زبردستی زمینیں چھین لی جاتی ہیں، حکومت وہاں کے عوام کے مطالبے کو سنیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں بھرتیوں کے لئے اشتہار مشتہر کرکے بے روز گاروں کی آنکھوں میں دھول جونکھا جا رہا ہے۔ وزیراعلٰی کی فرمائش پر خلاف ضابطہ بھرتیاں کی جا رہی ہیں، اس لئے تمام اداروں میں بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کرائی جائیں۔ ہم مقامی ریکروٹمنٹ کمیٹی پر کوئی اعتماد نہیں کرتے، کیونکہ ان کے خلاف شواہد ہمارے پاس آچکے ہیں۔ اس لئے ہم آئندہ کسی بھی اشتہار پر مقامی ریکروٹمنٹ کمیٹی کے ذریعے بھرتیوں کی بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت اس حد تک غیرقانونی کام کر رہی ہے کہ پیپلز پارٹی کے اقتدار میں آنے سے قبل ہی وزیراعلٰی اور اس کی ٹیم جیل میں ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close