وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت ، دو روزہ دورے پر نیو یارک پہنچ گئے
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر نیو یارک پہنچ گئے جہاں وہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ میں فلسطین کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں شرکت کے لئے 2 روزہ دورے پر نیویارک پہنچ گئے ہیں جبکہ تیونس، تر کی اور فلسطین کے وزرائے خارجہ بھی دورہ میں ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں فلسطین کے حوالے سے بلائے گئے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے اور مظلوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھائیں گے ۔
اپنے خطاب سے وزیر خارجہ دنیا کی توجہ انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائیں گے۔
دورہ نیویارک کے دوران شاہ محمود قریشی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملیں گے اور جنرل اسمبلی کے صدر سمیت دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیر خارجہ نیو یارک کے پاکستانی سفارتخانے میں منعقد تقریب میں بھی شریک ہوں گے جہاں وہ فلسطین کی صورتحال اور اہم امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔