لاہور: احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کا عمل جاری ہے ، پہلے بولی دہندہ حمدبوٹا نے10 لاکھ کے زرضمانت کا چیک کمیٹی کو جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی 88کنال 4مرلے کی جائیداد کی نیلامی میونسپل کارپوریشن ہال شیخوپورہ میں جاری ہے ، پہلا بولی دہندہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوا اورمحمدبوٹا نے10 لاکھ کےزرضمانت کا چیک کمیٹی کو جمع کرادیا۔
ضلعی انتظامیہ نے ہال کے اندر اور باہربینرز لگا دئیے، جائیداد کی نیلامی کا حکم 22 اپریل 2021کو احتساب جج سید اصغر علی نے دیا تھا۔
نیلامی کی فی ایکڑ قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے ، جائیداد فیروز وٹواں شیخوپورہ میں واقع ہے، نیلامی میں حصہ لینے والے کو 10 لاکھ زر ضمانت جمع کرانا ہوگا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی نیلامی کی نگرانی کرے گی ، کمیٹی کے سربراہ کی موجودگی میں نواز شریف کی 88 کنال جائیداد کی نیلامی کے لیے اعلان کر دیا گیا۔
اعلان میں کہا گیا کہ احتساب عدالت کے حکم پر فیروز وٹواں کی جائیداد نیلام کی جارہی ہے ، بولی میں حصہ لینےوالے اپنے کال ڈیپازٹ کمیٹی کے پاس جمع کرادیں ، نیلامی کا اعلان شام 4 بجے تک ہر آدھے گھنٹے بعد کیا جاتا رہے گا۔
دوسری جانب جائیداد کی نیلامی قبضے کے دعویدار شہری اشرف بھی نیلامی میں پہنچ گئے، اس موقع پر اشرف نے کہا زمین میں خرید چکا ہوں اور قابض ہوں، میں زمین پرکاشت کر رہا ہوں اورمعاملہ سول عدالت میں زیر سماعت ہے۔