غزہ کی منہدم عمارتوں کے ملبے تلے سے مزید لاشیں نکال لی گئیں
اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں کھنڈرات کے شہر میں تبدیل ہونے والے غزہ کی منہدم عمارتوں کے ملبے تلے سے مزید لاشیں نکال لی گئیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سول آبادی اور رہائشی عمارتوں کو تباہ کرکےجنگی جرائم کے ارتکاب کرنے والے اسرائیل حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 243 تک پہنچ گئی ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے سے 3 بچوں سمیت 9 فلسطینیوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے خان یونس کے مشرقی علاقے القارارا میں ملبے سے 6 لاشیں نکالی ہیں۔
غزہ کے جنوبی علاقے تل الہوا میں بھی کھنڈر بننے والی عمارت سے 1 لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ آج ہی غزہ میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری اسرائیلی بمباری کے بعد اب اسرائیلی حکومت اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔
پاکستانی وقت کے مطابق صبح چار بجےسے جنگ بندی کی گئی تھی ، اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ نے ہنگامی اجلاس میں جنگ بندی کی منظوری دی تھی، جس کا باقاعدہ اعلان وزیراعظم نیتن یاہوکے دفتر سے جاری بیان میں کیا گیا تھا۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کی تھی، برطانوی خبر رساںادارے کے مطابق جنگ بندی کرانےمیں مصرنے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔
سیز فائر کا اعلان ہوتے ہی ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی غزہ کے سڑکوں پر نکل آئے، نوجوان بچے اور بزرگوں نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ کئی مقامات پر صبح سویرے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم
گیارہ روزہ اسرائیلی وحشیانہ بمباری سےڈھائی سو سے زائد فلسطینی شہید ہوئے،جن میں چھیاسٹھ بچےاور اڑتیس خواتین بھی میں شامل تھیں، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں پانچ سو سے زائد مکانات تباہ جبکہ بہتر ہزار فلسطینی بےگھرہوئے تھے۔