والدین کیلئے بڑی خبر ،کورونا کےکم متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سےکھولنے کی ہدایت
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے شدید متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے نہ کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کورونا کےکم متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے شدید متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے نہ کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے نام مراسلہ جاری کردیا ہے۔
مراسلے میں کہا ہے کہ کورونا کے شدید متاثرہ اضلاع میں 24 مئی سے تعلیمی ادارے نہ کھولے جائیں، صوبے متعلقہ حکام کو تعلیمی اداروں سے متعلق احکامات جاری کریں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا کےکم متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھلیں گے، تعلیمی ادارے 5 فیصد مثبت کیسز سے کم اضلاع میں کھلیں گے، تعلیمی ادارے کھولنے کےبارےمیں فیصلہ 19، 21 مئی کے اجلاسوں میں ہوا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ کورونا سے زیارہ متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے،7 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے جائزہ اجلاس 3 جون کو ہو گا۔
خیال رہے ترجمان وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ کے 12 اضلاع میں تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے جبکہ پنجاب کے 16اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے تاہم پنجاب کے 20 اضلاع میں تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے۔
سیکریٹری تعلیم نے بتایا کہ بلوچستان میں کوئٹہ کےعلاوہ 24 مئی سے اور محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے 22 اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے
جبکہ خیبرپختونخوا کے 19 اضلاع میں تعلیمی ادارے 6 جون تک بندرہیں گے۔