اپنا گھر اور ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ،عام آدمی کے لیے اچھی خبر
لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ عام آدمی کو اپنا گھر اور ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ بیان میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن کو ایک دوسرے پر اور عوام کو اپوزیشن پر اعتبار نہیں، وفاقی اور صوبائی بجٹ بھی حکومت آسانی سے منظور کرالے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کا کوئی ایک مؤقف نہیں سب کا اپنا اپنا بیانیہ ہے، وزیر اعظم عمران خان کا کوئی ذاتی اور سیاسی ایجنڈا نہیں، ملکی ترقی کو دنیا تسلیم کررہی ہے اپوزیشن میں نہ مانوں کی سیاست کررہی ہے، سفارتی محاذ پر پاکستان نے فلسطینیوں کا بھر پور مقدمہ لڑا ہے۔
گورنر نے بتایا کہ ریکوڈک عمل درآمد کیس میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ہے، انتخابی اصلاحات کے لیے حکومتی اقدامات عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں، دنیا میں امن کی کنجی مسئلہ فلسطین اور کشمیر کےحل میں ہے۔
اپنے بیان میں چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ عام آدمی کو چھت اور ریلیف کی فراہمی حکومتی اولین ترجیح ہے، پہلی بار قومی اداروں میں اصلاحات کیلئےعملی کام ہو رہا ہے، احساس پروگرام میں شفافیت اور میرٹ 100فیصد یقینی بنایا جارہا ہے۔