کھیل و ثقافت

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے چند میچ پاکستان میں کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے: نجم سیٹھی

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے کچھ میچ پاکستان میں کرانے کی سرتوڑ کوشش کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں نے خطوط لکھے ہیں جس میں انہوں نے مثبت رائے کا اظہار کرنے کیساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون کیا اور وہ بہت خوش بھی ہیں کیونکہ ان کو رقوم کی ادائیگی وقت پر کی گئی ہے، اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلنے کو مل رہی ہے اور انہیں جو خدشہ تھا کہ سٹیڈیم خالی ہوں گے وہ بھی دور ہو گیا ہے جبکہ پاکستانی لڑکوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں ٹف ٹائم دیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑی یقینی طور پر واپس جا کر ہمارے گیت لائیں گے اور بڑے فخر کے ساتھ یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آئندہ ایڈیشن کیلئے جب ان کھلاڑیوں کو کچھ میچ پاکستان میں کھیلنے کیلئے کہا جائے گا تو زیادہ تر کھلاڑی رضامندی ظاہر کریں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ فی الوقت پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں کرایا جا سکے گا تاہم سرتوڑ کوشش کریں گے کہ دوسرے ایڈیشن کے ایک دو میچ کراچی اور ایک دو میچ لاہور میں کرائے جائیں گے البتہ اس کیلئے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کی بھی بھرپور یقین دہانی کرانا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن ہر صورت پاکستان میں کرانے کی کوشش کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close