خیبر پختونخواہ
خودکش حملہ آور کی نشاندہی اور مقابلہ کرنا بڑی بات ہے، دہشتگردوں نے ٹرینرز کی طرح کپڑے پہنے ہوئے تھے، کمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی
پشاور: کمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے ایف سی کے تربیتی کیمپ پر فجر کے وقت حملہ کیا، حملے کے وقت تربیتی کیمپ میں 120 اہلکار موجود تھے تاہم فوجی اہلکاروں نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی کوشش تھی کہ ہمارے حوصلے پست کریں مگر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ہر محاذ پر دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے ۔ کالے کپڑے میں ملبوس دہشتگرد نے کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی، دہشتگردوں نے ٹرینرز کی طرح کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں جنہوں نے بعد میں خود کو اڑا لیا جن کے جسمانی اعضاءکا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کمانڈنٹ ایف سی کا مزید کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کی نشاندہی اور اس کا مقابلہ کرنا بڑی بات ہے ، حملے میں ہمارے جوان زخمی بھی ہوئے ہیں ۔