Featuredاسلام آباد
حکومت پاکستان کا زائرین کے لیے ایران، عراق اور شام کی حکومتوں سے معاہدہ
اسلام آباد: حکومت پاکستان کا زائرین مینجمنٹ پالیسی کے تحت ایران، شام اور عراق کی حکومتوں سے معاہدہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کا زائرین مینجمنٹ پالیسی کے تحت ایران، شام اور عراق کی حکومتوں سے معاہدہ ہوگیا، پاکستان نے ایران، شام اور عراق کی حکومتوں کو معاہدے کا مسودہ ارسال کردیا، متعلقہ حکومتوں کی جانب سے منظوری کے بعد معاہدے نافذ العمل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام زائرین ٹور آپریٹر اور وزارت مذہبی امور میں رجسٹرڈ ہوں گے، عراق کے شہر نجف اور کربلا میں قونصلیٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت خارجہ نے نجف اور کربلا میں قونصلیٹ کے قیام کے لیے کام شروع کردیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ عراقی حکومت نے نجف اور کربلا میں پاکستانی قونصلیٹ کھولنے کی کوشش کی تھی، ٹور آپریٹر کے لیے قوائد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہوگا، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ ٹور آپریٹر کو باقاعدہ نوٹس جاری کیا جائے گا، نئی پالیسی رواں سال سے نافذ العمل ہوگی۔