ایسے ماحول میں تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں خوف و تشدد نہ ہو، بھارتی صدر کا یوم پاکستان پر پیغام
نئی دہلی : بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے پاکستان کو 77ویں قومی دن کے موقع پرمبارکبا د دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے ایسے ماحول میں تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے جہاں خوف اور تشدد موجود نہ ہو۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے 77ویں قومی دن کے موقع پر بھارتی صدر پرنب مکھرجی نے سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں بھارتی صدر پرنب مکھر جی کا لکھنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کو یوم پاکستان مبارک ہو۔پرناب مکھرجی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پاکستان سے ایسے ماحول میں تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے جہاں خوف اور تشدد موجود نہ ہو۔
خیال رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر پاک افواج کی خصوصی پریڈ سے خطاب میں پاکستان کے صدر ممنون حسین نے بھی بھارت کے ساتھ خطے میں امن اور ترقی کے لیے مذاکرات کے لیے رضامندی کا بھی اظہار کیا تھا۔دوسری جانب ہمسایہ ملک بھارت کے علاوہ دیگر ممالک کے سربراہان نے بھی یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر پاکستان کی حکومت اورعوام کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مبارک باد دی۔
دوست ملک چین کے صدر ژی چن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے اپنے پیغامات میں کہا کہ ‘پاکستانی عوام نے مختلف مسائل پر کامیابی سے قابو پایا ہے جبکہ قومی سلامتی، استحکام اوراقتصادی ترقی کی راہ میں بھی متعدد نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں’۔فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے صدر ممنون حسین کے نام تہنیتی پیغام میں دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار دوستانہ تعلقات کواجاگر کیا۔یوم پاکستان کے موقع پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا بین المذاہب ہم آہنگی، ترقی اور سلامتی کے شعبوں میں مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔