کونسل کے انتخابات کیلئے آرڈیننس جاری کردیا گیا
:گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات کے انعقادکے لئے گورنرگلگت بلتستان میرغضنفرعلی خان نے گلگت بلتستان کونسل الیکشن آرڈیننس 2015نافذکردیا۔ذرائع کے مطابق2009میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے بعدقانون سازاسمبلی اوردیگر اداروں کے انتخابات سے متعلق تمام قوانین کالعدم ہوگئے تھے اس لئے ضروری تھا کہ قانون سازاسمبلی اوردیگر اداروں کے انتخابات کے لئے قوانین اور رولز بنائے جائیں۔لیکن2009 میں چیف الیکشن کمشنر تومقررکردیاگیا لیکن انتخابی قوانین نہیں بنائے گئے۔تاہم پیپلزپارٹی کی حکومت کے خاتمے کے بعد جب جسٹس(ر)سیدطاہر علی شاہ کوچیف الیکشن کمشنر تعینات کردیاگیا تو انہوں نے قانون سازاسمبلی کے انتخابات کے لئے عوامی نمائندگی کے ایکٹ کوگلگت بلتستان میں نافذ کرادیا۔اس طرح قانون سازاسمبلی کے قانونی طریقے سے انتخابات کرائے گئے۔گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات کے لئے سینیٹ الیکشن ایکٹ1975کو معمولی ترامیم کے ساتھ گلگت بلتستان میں نافذکردیاگیاہے۔قانونی ماہرین کے مطابق2009میں قانون سازاسمبلی کے انتخابات اوربعدمیں گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات کے لئے کوئی قانونی یاضابطہ موجود نہیں تھا۔اس لئے یہ دونوں انتخابات غیرقانونی تھے ادھرگورنرسیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ گورنرمیرغضنفرعلی خان نے علاقے کے بہترمفاد کے پیش نظروزیراعظم کوکونسل کے انتخابات کرانے کی درخواست کی تھی جس کی وزیراعظم نے منظوری دیدی۔