مغوی سیکرٹری کی بازیابی میں تاخیر پر ثناء اللہ زہری کا اظہار برہمی، باحفاظت بازیابی کو جلدازجلد یقینی بنایا جائے: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے مغوی سیکرٹری عبداللہ جان کی باحفاظت بازیابی میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ عبداللہ جان کی باحفاظت بازیابی کو جلدازجلد یقینی بنائیں۔ وزیراعلی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مہذب معاشروں میں اغوا اور اس قسم کے دیگر سماجی جرائم کی کوئی گنجائش موجود نہیں اور نہ ہی انہیں برداشت کیا جاسکتا ہے ایسی کاروائیوں سے حکومتی اداروں پر عوام کا اعتماد بھی متزلزل ہوتا ہے لہذا ان گھناونی کاروائیوں میں جو بھی عناصر ان کے سہولت کار اور سرپرست ملوث ہیں ان کی سرکوبی کیلئے بلاخوف و خطر اور بغیر کسی دباو کے نتیجہ خیر کاروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری بھی ہے جسے ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور امن استحکام کے قیام کیلئے مزید وسائل بھی فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلی نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ عبداللہ جان کی بازیابی کیلئے اب تک کی جانے والی کوششوں اور اقدامات کی رپورٹ پیش کی جائے ،اسے عوام کے سامنے بھی لایا جائے اور مغوی کے خاندان کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے۔