ایم کیوایم کا پیپلز پارٹی کیخلاف وائٹ پیپر سورج کو چراغ دکھانے کے برابر ہے، خورشید شاہ
سکھر: خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کا وائٹ پیپر جاری کرنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے جب کہ میں سیاستدان ہوں منہ نہ کھلوائیں یہ لوگ تو بھتے کے لیے فیکٹری کو آگ لگا دیتے ہیں۔ سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا وائٹ پیپر جاری کرنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے، ایم کیو ایم کے کچھ لوگ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں اور کچھ بھاگ گئے جب کہ کچھ ارب پتی بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان ہوں منہ نہ کھلوائیں یہ لوگ تو بھتے کے لیے فیکٹری کو آگ لگا دیتے ہیں، ایم کیو ایم کے لوگ اربوں پتی کیسے بنے یہ اب ہم بتائیں گے جب کہ آئی جی سندھ افسر ہے لیکن ہٹانا سندھ حکومت کا کام ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ کاپی کلچر کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنا وقت کی ضرورت ہےلیکن سکھر کے اسکولوں ميں اچھے اساتذہ نہيں، جام صادق کے وزارت اعلیٰ کے دور ميں آٹھ جماعتیں پاس استاد مقرر کئے گئے تاہم ہم چاہتے ہيں کہ ہمارہ معاشرہ پڑھا لکھا معاشرہ ہو، اب سندھ کا سیکریٹری اچھا اور پڑھا لکھا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو پنجاب نظر نہیں آتا، صرف ہمارا کچرا نظر آتا ہے، اس بار الیکشن میں پیپلزپارٹی پنجاب میں نواز لیگ کو ٹف ٹائیم دے گی، پیپلزپارٹی نے ہی 2014 میں کنٹینر والوں کو مسترد کیا اور وزیر اعظم کو جمہوری وزیراعظم ڈکلیئر کرکے پارلیمینٹ کا ساتھ دیا تھا۔