پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد سیل کردی گئی
قندھار: افغان طالبان کی جانب سے افغانستان کے بیشترعلاقوں کے بعد چمن سے متصل باب دوستی گیٹ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد سیل کردی گئی ہے
طالبان نے افغانستان شہر اسپین بولدک بارڈر پر بھی قبضہ کرلیا ہے، اور بارڈر اور شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، گزشتہ رات طالبان نے افغانستان کے سرحدی شہر بولدک ویش بارڈر پر حملہ کیا تھا، طالبان کے حملے کے بعد بولدک شہر سمیت دیہاتوں، سرحدی چوکیوں اور افغان امیگریشن پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:افغان طالبان نے امریکی فورسز کی گاڑیوں اور اسلحہ پر قبضہ کرلیا
فورسز کے پیچھے ہٹنے کے بعد درجنوں طالبان پاک افغان سرحد کے گیٹ باب دوستی پر پہنچے اور مرکزی دروازے پر اپنا پرچم لہرا دیا، اس حوالے سے طالبان کی جانب سے ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں جس میں وہ سرحدی گیٹ سے ملحقہ علاقے میں گشت کرتے ہوئے اور چوکیوں پر پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں بھی اس کی تصدیق کردی گئی ہے، جب کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان نے اس وقت اسپین بولدک مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے، افغان طالبان نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغان علاقے ویش منڈی پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔