پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
گیانا: پاکستان نے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ویسٹ انڈیز کے شہر پروویڈنس میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے جب کہ گرین شرٹس نے شعیب ملک کی شاندار سنچری کی بدولت ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن رہا اورصرف 36 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 3 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ احمد شہزاد 3، بابراعظم 16 اور کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
چوتھی وکٹ پر محمد حفیظ اور شعیب ملک نے 113 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 149 تک پہنچا تو حفیظ 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 86 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک نے پانچویں وکٹ پر زبردست انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف بولروں کی خوب پٹائی کی اور ہدف 43.1 اوور میں حاصل کرلیا۔
شعیب ملک نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 111 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کپتان سرفراز احمد بھی 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک نے کیرئیر کی 9ویں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسری سنچری اسکور کی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گبریل نے 2، جیسن ہولڈر اور ویراسیمی پرمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شعیب ملک کو نہ صرف میچ بلکہ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔