پشاور میں مشال خان کے قتل کیخلاف سول سوسائٹی کا احتجاجی مظاہرہ
پشاور: عبدالوالی خان یونیورسٹی مردان میں مبینہ طور پر توہین رسالت کے الزام میں قتل کئے جانے والے طالبعلم مشال خان کے قتل کے خلاف مختلف سول سوسائٹیز اور سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے مقتول مشال خان کے حق اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت سول سوسائٹی کے رہنماؤں ڈاکٹر سید عالم محسود، عصمت شاہجہان، طارق افغان، شفیق گیگیانی، تیمور کمال، گلالئی اسماعیل، ثناء اعجاز، ڈاکٹر ثمینہ آفریدی، نوشین اورکزئی، نیازمین ملنگ اور دیگر کررہے تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مردان یونیورسٹی میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے میں ملوث افراد کی فوری طور پر گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پولیس کے اعلٰی حکام کی موجودگی میں اس طرح کے واقعے پیش آنا افسوسناک ہے۔ صوابی کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے مقتول مشال خان کلاس کے ایک ذہین طالبعلم تھے اور وہ توہین رسالت کے کبھی مرتکب نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشال خان کو ان کے کچھ کلاس فیلوز کے ایماء پر قتل کیا گیا ہے۔