قابض بھارتی فوج کی نہتے کشمیریوں پر ظلم کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوگئی
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج جہاں آئے روز بے گناہ کشمیریوں کو فائرنگ کرکے شہید اورزخمی کررہی ہے وہیں قابض فوج معصوم کشمیریوں پر ایسے ایسے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے جس کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم عالمی دنیا سے ڈھکے چھپے نہیں لیکن تمام ثبوتوں کے باوجود اقوام متحدہ اور عالمی برادری وادی میں بھارتی ظلم وستم کو روکنے میں کردار ادا کرنے سے قاصر ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران جہاں قابض بھارتی فوج 15 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے وہیں قابض فوج کے ہاتھوں سیکڑوں نہتے نوجوان شدید زخمی بھی ہوچکے ہیں۔
بھارتی فوج کے یہ مظالم کسی نہ کسی صورت دنیا کے سامنے آتے رہتے ہیں اور گزشتہ روز سوشل میڈیا پرایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک کشمیری نوجوانوں کو جیپ کے آگے باندھ کرعلاقے میں گھمایا گیا تاکہ احتجاج کرنے والے نہتے نوجوانوں کے پھتراؤ سے بچا جاسکے جب کہ اس سے قبل بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں نہتے کشمیری نوجوانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بناکر انہیں پاکستان مخالف نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر ظلم و بربریت کی ایک اور ویڈیو آج پھر وائرل ہوئی ہے جس میں بے گناہ نہتے کشمیری نوجوانوں کے ہاتھ باندھ کر ان پر تشدد کیا جارہا ہے اور انہیں زبردستی قابض فوج پر پتھراؤ کرنے کا اعتراف جرم کرایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں برہان وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ وادی میں غاصب بھارت کے خلاف احتجاج کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس کو دبانے کے لئے مودی سرکار کشمیروں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑرہی ہے اوراس دوران اب تک سیکڑوں کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جب کہ مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال سے سیکڑوں کشمیری اپنی بصارت سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔