رینجرزسے اختیارات واپس لینے کا تاثر غلط ہے، محکمہ داخلہ سندھ
کراچی: محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ رینجرز سے اختیارات واپس لینے کا تاثر غلط ہے رینجرز کو ایک سال کے اختیارات دیئے گئے تھے جو 19 جولائی کو ختم ہوں گے۔ محکمہ داخلہ سندھ کا رینجرز اختیارات سے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ رینجرز سے اختیارات واپس لینے کا تاثر غلط ہے رینجرزتعیناتی کی توسیع 20 جولائی 2016 تا 19 جولائی 2017 ہے، رینجرز کے پاس آرٹیکل 147 کے تحت 12 ماہ کے قیام کے اختیارات موجود ہیں جو ابھی تک ختم نہیں ہوئے، رینجرز کو واپس بلائے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں، رینجرز قانونی طور پرمینڈیٹ کے تحت کردار ادا کررہی ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا تھا رینجرز کو یکم اگست 2016 کے نوٹی فکیشن کے تحت جو اختیارات حاصل ہیں اس کے تحت رینجرز پٹرولنگ، پکٹ، تنصیبات کی سیکیورٹی اور پولیس کی معاونت کر سکتی ہے اور رینجرز تقریبات، اہم ملکی شخصیات اورغیر ملکیوں کی سیکورٹی کے لئے پولیس کی معاونت کرتی ہےجب کہ آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کو انتظامیہ کی معاونت کے لئے تعینات کیا گیا تھا۔