تھائی لینڈ نے انتہائی شاندار اعلان کردیا، اب آپ اتنی سی رقم جمع کروا کر تھائی لینڈ میں مستقل رہائش اختیار کرسکتے ہیں
بنکاک: یوں تو بہت سے ممالک اپنی شہریت فروخت کر رہے ہیں لیکن اس کا معاوضہ اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ اچھے خاصے دولت مند لوگ بھی سن کر چکرا جائیں، البتہ تھائی لینڈ نے اتنی کم رقم میں اپنی شہریت کی پیشکش کردی ہے کہ سننے والوں کے لئے یقین کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کی حکومت نے سستی شہریت کے سات مختلف پیکج متعارف کروائے ہیں۔ ’ایلیٹ ریذیڈنسی ویزہ‘ پیکج کے تحت غیر ملکی شہری محض تین ہزار ڈالر (تقریباً 3 لاکھ پاکستانی روپے)سالانہ کے خرچ پر تھائی لینڈ میں قیام کرسکتے ہیں۔ سب سے مہنگا ’ایلیٹ الٹیمیٹ پرولج پیکج‘ ہے، جس کے تحت 20 سالہ قیام کیلئے 60 ہزار ڈالر (تقریباً 60 لاکھ پاکستانی روپے) بمعہ 600 ڈالر (تقریباً 60 ہزار پاکستانی روپے) سالانہ رکنیت فیس وصول کئے جاتے ہیں۔ امیگریشن، ڈرائیونگ لائسنس اور ورک پرمٹ جیسی سہولیات کیلئے متعلقہ اداروں تک وی آئی پی رسائی بھی اس پیکج کا حصہ ہے جبکہ اچھے پرائیویٹ ہسپتال میں صحت کا سالانہ معائنہ اور گالف و تفریحی حمام کے 24 دورے بھی پیکیج کا حصہ ہیں۔
اسی طرح 15ہزار ڈالر (تقریباً 15 لاکھ پاکستانی روپے) میں پانچ سال کی ڈیل بھی دستیاب ہے۔ اسے ’ایلیٹ ایزی ایکسیس‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کیلئے کوئی سالانہ فیس بھی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ 30 ہزار ڈالر (تقریباً 30 لاکھ پاکستانی روپے )میں 10 سال کے قیام کا پیکج بھی دستیاب ہے، جس میں خاندان کے افراد کیلئے ڈسکاﺅنٹ کی پیشکش بھی کی جارہی ہے۔ امیگریشن ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہریت کے لئے اتنا سستا زریعہ کبھی میسر نہ تھا۔ تھائی حکومت بھی توقع کر رہی ہے کہ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لئے غیر ملکیوں کا تانتا بندھ جائے گا۔