کراچی: سیکورٹی کمپنی کے ڈرائیور کی20 کروڑ کی ڈکیتی ، دو سہولت کار گرفتار
گزشتہ دِنوں کراچی میں 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹنے والا نجی سیکیورٹی کمپنی کا ڈرائیور شمالی علاقوں کی طرف فرار ہوگیا، پولیس نے ملزم کی سہولت کاری کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر 20 کروڑ 50 لاکھ روپے سے بھری کیش وین لوٹ کر فرار ہونے کے کیس میں پیش رفت ہوئی ہے۔
میٹھادر انویسٹی گیشن پولیس نے کیش وین کے مفرور ڈرائیور حسین شاہ کے 2 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسد علی اور نعمت علی شاہ شامل ہیں۔
مفرور وین ڈرائیور حسین شاہ نے گرفتار ملزمان سے پکنک کے بہانے ہائی روف گاڑی حاصل کی اور رقم منتقل کی۔ پولیس نے ہائی روف گاڑی برآمد کرلی ہے۔
مرکزی ملزم حسین شاہ شمالی علاقوں کی جانب فرار ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔