سندھ

میاں صاحب کو شرم نہیں آتی کہ کیا وزیراعظم کا منصب جے آئی ٹی میں جانے کا ہے، مولا بخش چانڈیو

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ میاں صاحب خوشیاں نہ منائیں بلکہ اپنی ذلت کا ماتم کریں، انہیں ان کے وزراء نے ان کی وقعت دکھا دی، عابد شیر علی نواز شریف کو عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا کی سطح پر لے آئے ہیں، نواز شریف جے آئی ٹی زدہ ہونے جارہے ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے سوائے پاکستان بنانے کے کوئی تاریخ نہیں بنائی بلکہ پاکستان بھی قائداعظم نے بنایا ہے، ورنہ جو بھی آمر آیا مسلم لیگ نے اس کا ساتھ دیا ہے، مسلم لیگ وہ درویش ہے جسے ہر اقتدار میں آنے والا گھمانے پھرانے لے جاتا ہے، مسلم لیگ (ن) کو تاریخ بنانے میں نہیں اقتدار بچانے میں دلچسپی ہے، وہ اس لئے مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں کہ ان کا اقتدار بچ گیا، حکومت بچ جانے پر مٹھائیاں بانٹنے اور کھانے پر شرم آنا چاہیئے، شرم کی بات ہے ایٹمی ملک کے وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوں گے، میاں صاحب کو شرم نہیں آتی کہ کیا وزیراعظم کا منصب جے آئی ٹی میں جانے کا ہے، جے آئی ٹی کیا اچھے لوگوں کے لئے بنتی ہے، فیصلہ پڑھنے کے بعد چوہدری نثار علی خان بھی آگ بگولا ہوگئے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والوں نے بے نظیر بھٹو کو عدالتوں کے چکر کٹوائے، انہیں در در گھمایا گیا لیکن وہ باعزت ہوکر لوٹیں، ہمارے رہنماؤں پر ایک بھی الزام سچ ثابت نہیں ہوا، ہمارے رہنما عدالتوں سے باعزت بری ہوئے، پیپلز پارٹی چھپ کر کوئی کام نہیں کرتی، انہوں نے معاہدہ کرکے ملک نہیں چھوڑا، میاں نواز شریف کو تو سپریم کورٹ کے جج صاحبان نے کہا کہ وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے وزراء کے بھڑکنے کے دن ہیں، بلاول اور زرداری صاحب نے پنجاب میں تہلکہ مچایا ہوا ہے، بلاول اور زرداری پنجاب میں ہیں تو یہ لوگ مرے جارہے ہیں کہ وہ یہاں کیوں ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے عابد شیر علی کو سیاسی پاگل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹا پورے جہاں کو جھوٹا ثابت کرتا ہے، سیاسی لوگ گالم گلوچ نہیں کرتے، سیاسی پاگلوں کو دلیل سے بات کرنا چاہیئے، میاں صاحب خوشیاں نہ منائیں بلکہ اپنی ذلت کا ماتم کریں، انہیں ان کے وزراء نے ان کی وقعت دکھا دی، عابد شیر علی نواز شریف کو عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا کی سطح پر لے آئے ہیں، نواز شریف جے آئی ٹی زدہ ہونے جارہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close