”آﺅ مشال کو ہر جگہ ڈھونڈتے ہیں، جہاں ملا قتل کر دیں گے“، مشال خان کے قاتلوں کی مزید 3 ویڈیو سامنے آگئیں
مردان: مشال قتل کیس کی مزید تین تہلکہ خیز ویڈیو سامنے آگئی ہیں جس میں مشتعل طلبا مشال کو ڈھونڈنے اور قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغیات کے طالب علم مشال خان قتل کیس کے حوالے سے مشتعل ہجوم کی تین مزید ویڈیوز منظر عام پر آگئی ہیں، جن میں طلبا اسے قتل کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں اور نعرے لگا رہے ہیں کہ ”سب جائیں گے اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے “۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ویڈیو ز میں مشتعل طلبا چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ آﺅ مشال خان کو ہر جگہ ڈھونڈتے ہیں اور اگر جیل میں بھی ہوا تو نہیں چھوڑیں گے ،جہاں ملا قتل کر دیں گے “۔ ان میں سے 2ویڈیوز جرنلزم ڈیپارٹمنٹ میں بنائی گئی ہیں جبکہ ایک ویڈیو مشال خان کے ہاسٹل کے قریب موجود گراﺅنڈ میں کھڑے مشتعل طلبا کی ہے جن میں وہ پشتو زبان میں کہہ رہے ہیں کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات بھی نہیں کریں گے اور مشال خان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی ۔ ”جیل میں بھی ہوا تو نہیں چھوڑیں گے “۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ویڈیوز تحقیقاتی اداروں کے پاس ہیں جو ان کی تحقیقات کر رہی ہیں اور اس کے بعد مشال قتل کیس میں مزید گرفتاریاں عمل میں آنے کا امکان ہے ۔