Featuredاسلام آبادکھیل و ثقافت

دستانے پہنے ہاتھوں نے سازش کے ذریعے دورے کو منسوخ کرایا

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کا دورۂ پاکستان سازش کے تحت ختم کیا گیا

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ جمعہ کی صبح نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی انچارج نے پاکستان کے سیکیورٹی انچارج کو آگاہ کیا کہ سیکیورٹی خدشات ہیں تاہم پاکستانی سیکیورٹی ادارے چوکس تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے رابطہ کیا تھا، جس میں جیسینڈا آرڈرن نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن خدشہ ہے کہ ٹیم باہر نکلے تو حملہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اس بات پر بھی راضی کرنے کی کوشش کی گئی کہ بغیر تماشائیوں کے میچ کھیلا جائے لیکن انہوں نے انکار کردیا، اس کے بعد تاجکستان میں موجود وزیراعظم پاکستان عمران خان کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا، انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن سے ٹیلی فون پر بات کی اور بتایا کہ پاکستان میں ایسا کوئی خطرہ نہیں ہے، عمران خان کو نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن خدشہ ہے کہ ٹیم باہر نکلے تو حملہ ہو سکتا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے تھے، پاکستان دنیا میں امن و سکون کا سب سے بڑا داعی ہے اور دہشت گردی کیخلاف زبردست ارادے رکھتا ہے، پاک فوج سمیت تمام ادارے سیکیورٹی پر مامور تھے، دستانے پہنے ہاتھوں نے سازش کے ذریعے دورے کو منسوخ کرایا، نام نہیں لینا چاہتے، یہ فیصلہ نیوزی لینڈ کی حکومت کا اپنا اور یکطرفہ تھا۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ ماہ ہونے والے انگلینڈ کے دورے کیلئے بھی سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں اور ان کا جو فیصلہ ہوگا وہ ان کا اپنا ہوگا، اطلاعات ہیں کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی سیکیورٹی معاملات پر سوچ رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ملک ہے، کسی کا نام نہیں لیں گے، پاکستان چاہتا ہے کہ ملک میں کرکٹ ہو اور یہاں کرکٹ کے بے پناہ شائق موجود ہیں۔

خطے کی صورتحال سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے تمام ممالک کے شہریوں کے انخلاء میں مدد کی، پاکستان کی افغانستان سے منسلک سرحدیں محفوظ ہیں، افغانستان میں حالیہ پیشرفت کے دوران کوئی خوںریزی نہیں ہوئی۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ افغانستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کا ہوگا، وزارت داخلہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close