دنیا

طالبان نے افغانستان میں ”آپریشن منصوری“ شروع کرنے کا اعلان کردیا

کابل: افغانستان میں طالبان نے موسمِ بہار کی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے حملوں میں غیرملکی افواج اور ان کے حامیوں کو نشانہ بنائیں گے۔انہوں نے اس کارروائی کو ”آپریشن منصوری “ کا نام دیا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طالبان نے گذشتہ سال امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے طالبان رہنما ملا منصوری کی نسبت سے’آپریشن منصوری’ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے . اپنے ایک بیان میں طالبان کا کہنا تھا کہ وہ اس آپریشن کے ذریعے افغان اور غیر ملکی سیکورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنائیں گے ۔ یہ لڑائی محض روایتی نہیں ہوگی بلکہ اس میں گوریلا کارروائیاں کی جائیں گی۔ خود کش حملوں کے ذریعے سیکورٹی فورسز کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جائے گا، جبکہ سیکورٹی فورسز کے خلاف اندرونی مدد لے کر بھی حملہ کریں گے۔

طالبان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ جہاں جہا ں سے افغان اور غیر ملکی فورسز کو پسپاکرنے کے بعد وہ قبضہ کریں گے ان علاقوں میں سماجی انصاف اور ترقیاتی سرگرمیوں کو یقینی بنائیں گے۔ طالبان افغانستان میں کارروائیاں عموما موسم گرما کے دوران کرتے ہیں مگر گزشتہ موسم سرما میں بھی طالبان، افغان حکومت کی خلاف لڑائی میں مصروف رہے تھے، اور انہیں سب سے بڑی کامیابی پچھلے ہفتے اس وقت ملی جب انہوں نے افغانستان کے شمالی شہر مزار شریف میں فوجی بیس پر حملہ کیا جس میں 140سے زائد افغان فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close