راجن پور: موجودہ حکومت نے عوام کو ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دیا
مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کو ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دیا، اب الیکشن میں دھوکا دینے والوں کا حساب ہوگا۔
راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن میں جلسے سےخطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ سردار حفیظ دریشک کے پاس تغریت کے لیے آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں آج آپ کے گھر نہیں آیا عوام کے گھر آیا ہوں، سڑکیں، اسپتال بنا کر عوام پر کوئی احسان نہیں کیا۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ راجن پور اور جنوبی پنجاب کے عوام کی محبت شہباز شریف کے دل میں بستی ہے، اس خطے میں ترقیاتی کام ن لیگ کی حکومت میں ہوئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کیلئے30 فیصد نوکریوں کا کوٹا شہباز شریف نے منظور کیا تھا، موقع ملا تو روجھان ڈیرہ اسماعیل خان روڈ کو ایکسپریس وے بنائیں گے۔
حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ کسان کیوں نہ پریشان ہو کھاد کی بوری آج 7ہزار کی ملتی ہے، ہم کسانوں کی ترقی کے لیے اپنے آپ کو وقف کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دیا، اب الیکشن میں دھوکا دینے والوں کو حساب دینا ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 2023 میں عوام شیر کو کامیاب کرکے پی ٹی آئی کو سمندر میں غرق کردے گی۔