آئندہ الیکشن میں سب کو سرپرائز دیں گے، صوبہ سندھ میں اپنی حکومت بنائیں گے، مصطفیٰ کمال
کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والے الیکشن میں ہم سرپرائز دیں گے، صوبہ سندھ میں اپنی حکومت بنائیں گے، اگر پوائنٹ سکورنگ کرنی ہوتی تو ریڈ زون میں جاتے اور خبر بنوا کر سو جاتے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ٹریفک جام ہو اور آپ لوگ مجھے اور میرے کارکنوں کو گالیاں دیں۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد میں کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران میئر کراچی وسیم اختر پر تنقید کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے آپ کو میئر بنوایا اور آپ جواب میں کہتے ہیں کہ میرے پاس اختیار ات نہیں، پہلے کیوں نہیں کہا کہ ہم کچھ نہیں کرسکتے ہمارے پاس اختیار نہیں ہیں، یہ کب پانی بجلی دیں گے، کب کچرا اٹھائیں گے، گورنر اور وزیر سب ان کے تھے انھوں نے کیا دیا، کیا ہم آنے والی نسلیں بھی انھیں دے دیں تب پانی ملے گا؟ ہم کہتے ہیں کہ آپ کل سے کام شروع کردیں، ہم گھر چلے جائیں گے۔ اپنے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تم نے ووٹ دیئے، زکواة دی، فطرہ دیا اور کھالیں بھی دیں، بدلے میں صرف لاشیں ملیں، آئندہ آنے والے الیکشن میں ہم سب کو سرپرائز دیں گے، صوبہ سندھ میں اپنی حکومت بنائیں گے۔