لاہور: قومی احتساب بیورو( نیب) نے شمیم شوگرکی خریداری کے بعد فروخت کی دستاویزات حاصل کرلیں، جس کے مطابق مریم نواز، یوسف عباس،عبدالعزیزشمیم شوگر کے شیئرز ہولڈرز تھے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف شمیم شوگر مل کیس کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ، نیب نے شمیم شوگرکی خریداری کے بعد فروخت کی دستاویزات حاصل کرلیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز، یوسف عباس،عبدالعزیزشمیم شوگر کے شیئرز ہولڈرز تھے، شمیم شوگرمل1ارب65 کروڑ روپے میں فروخت کی گئی۔
حاصل کردہ دستاویزات میں شوگرمل خریدنے کیلئے 88 کروڑ کا بینک قرض اور 36کروڑ80لاکھ اسپانسر قرض ظاہر کیا گیا ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگرمل کی خریداری اورفروخت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، شمیم شوگرکی خریداری کی رقم کہاں سے آئی، فروخت کیوں کی گئی؟
ذرائع نے کہا کہ شمیم شوگر کیلئے قرض سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں کہ بڑا قرض کیسےحاصل کیاگیااوربطورضمانت کیا رکھوایا گیا؟ جبکہ اسپانسر قرض کیسے حاصل کیا گیا اس کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔