لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے، صوبے میں اب تک ڈینگی کے 4 ہزار 876 کنفرم کیسز سامنے آچکے ہیں 12 اموات ہوچکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ، صحت تشویشناک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 325 کیسز رپورٹ ہوئے۔
سیکریٹری ہیلتھ عمران سکندر کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 13 سو 3 مریض داخل ہیں، لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 658 مریض داخل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پورے صوبے سے اب تک ڈینگی کے 4 ہزار 876 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ڈینگی سے اب تک 12 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ مون سون میں ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر ازحد ضروری ہیں، مون سون کے دوران شہری زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، خصوصاً بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں جمع نہ ہونے دیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 4 لاکھ 49 ہزار 187 ان ڈور اور 96 ہزار 383 آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا۔ گزشتہ روز 2 ہزار 376 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔