نوازشریف کرپشن کے گارڈ فادر ہیں، عمران خان
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کرپشن کے گارڈ فادر ہیں، گارڈ فادر کو جے آئی ٹی کے حوالے کردیا ہےاب عوامی حقوق کی جنگ لڑوں گا جس کی ابتداء کراچی سے کر رہا ہوں، جس طرح آج پیار سے نکلے ہیں، ایسے آئندہ نہیں نکلیں گے۔ روشنیوں کے شہر کو گندگی کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے قوم کا پیسا لوٹ کر ایان علی جیسے لوگوں کے ذریعے بیرون ملک بھیجا جس کی وجہ سے ملک میں ترقی نہیں ہورہی۔ کراچی میں تحریک انصاف کی حقوق کراچی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ایک جھوٹا آدمی ہے، عدالت کے ججوں نے وزیراعظم کو جھوٹا ڈیکلیئر کردیا ہے، ایک جھوٹا شخص پاکستان کا وزیراعظم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے پوری قوم سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیر اعظم پر استعفے کے لئے دباﺅ ڈالنے کے لئے سڑکوں پر نکلیں۔ وزیراعظم نوازشریف ایف آئی اے کو بڑے چوروں کو نہیں پکڑنے دیں گے۔ وہ اداروں پر اثرانداز ہوکر اپنی مرضی کے فیصلے حاصل کریں گے اس لئے انہیں فوری طور پر مستعفی ہونا چاہئے۔
کراچی کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک کی سیاست کی تمام تحریکیں کراچی سے چلا کرتی تھیں اس وقت بھی کراچی ملک کے پیسے کا 60 فیصد حصہ دے رہا ہے، کراچی کو پانی ملتا ہے اور نہ ہی اس شہر کو بجلی میسر ہے، سارا شہر گندگی اور کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ اس شہر کو مافیا اور بھتہ خور گروہوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) چھے باریاں لے چکی ہے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی بھی چھے اننگز پوری کر چکی ہے، انہوں نے پولیس میں سیاسی بھرتیاں کیں اور پولیس کو اپنے ذاتی مقاصد کے حصول اور سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا۔ جو پیسہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنے کی بجائے ایان علی جیسے لوگوں کے ذریعے بیرون ملک بھیجا گیا۔ کراچی کا پیسہ اگر کراچی میں ہی استعمال ہوتا تو یہ شہر آج پاکستان کا پیرس بنا ہوا ہوتا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بلدیات تک اختیارات کی منتقلی کے بغیر سیوریج، پانی، ٹرانسپورٹ صحیح نہیں ہو سکتے، کراچی کے لئے سب سے زیادہ ضروری بلدیاتی نظام ہے، میئرکراچی وسیم اختر کہہ رہے ہیں انہیں خیبرپختونخوا جیسا بلدیاتی نظام چاہیے۔ جب تک کراچی میں بااختیاربلدیاتی نظام نہیں آئے گا کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ہم نے خیبر پختونخواہ میں پولیس اور بلدیات کا نظام بہتر کیا ہے، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کہتے ہیں انہیں پختونخوا پولیس جیسا ایکٹ چاہیے۔