ڈی جی آئی ایس آئی کل یا پرسوں افغانستان جائیں گے، ایاز صادق
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کل یا پرسوں افغانستان جائیں گے جبکہ افغان صدراور چیف ایگزیکٹو جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے دورہ افغانستان کے بعد وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دورے کا مقصد افغانستان سے کچھ معاملات پر بات کرنا تھی، پہلے مرحلے میں چیئرمین سینیٹ اور دیگر سے ڈھائی گھنٹے ملاقات رہی اور اشرف غنی سے بھی 6 گھنٹے بات چیت ہوئی جبکہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے بھی طویل ملاقات کی گئی جس دوران افغانستان میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان قیادت اورعوام پاکستان کے ساتھ تعلقات بہترکرنا چاہتے ہیں مگر دونوں اطراف سے ہی تحفظات بھی ہیں، البتہ دورہ افغانستان سے دونوں اطراف سے تعلقات کی بہتری کی امید نظر آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کل یا پرسوں ڈی جی آئی ایس آئی افغانستان جائیں گے جبکہ افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان جانے والے وفد میں شامل کئی لوگوں کے رشتہ دار بھی افغانستان میں ہیں لیکن یہ لوگ صرف پاکستان کیلئے اور پاکستان ہی کی بات کرنے گئے۔