ایم کیوایم لندن کے 6 رہنماؤں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کرنے کا فیصلہ
کراچی: تحقیقاتی اداروں نے متحدہ لندن کے رہنماؤں اور کراچی میں کارکنوں اور دہشت گردوں سے رابطہ توڑنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ ایم کیو ایم لندن کے 6 رہنماؤں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے ایم کیو ایم لندن کے رہنما ندیم نصرت سمیت 6 ارکان کے 122 ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو جنوبی افریقہ سے بھی آپریٹ کیا جا رہا ہے۔ ٹوئٹر پر قائد کا سیاسی انقلاب، مہاجر میری پہچان، مہاجر کی بیٹی، میری آواز سنو، حق پرست اور دیگر ناموں سے بھی اکاؤنٹ چلائے جا رہے ہیں جنہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے بعض رہنماؤں کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے قومی سلامتی کے اداروں سے متعلق نہ صرف اشتعال انگیزی کر رہے ہیں، بلکہ کراچی میں اپنے کارکنوں کو خفیہ پیغامات بھیج رہے ہیں، ملکی سلامتی کے اداروں نے 43 ٹوئیڑ، 19 واٹس ایپ اور 50 فیس بک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا ہے جنہیں جلد بلاک کر دیا جائے گا۔