عمران خان سیاسی اسکورنگ کےلیےاحتساب کانعرہ لگاتےہیں، دانیال عزیز
اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے احتساب کا نعرہ لگاتے ہیں ۔عمران اور جہانگیر ترین اب احتساب سے بھاگ رہے ہیں،ہم انہیں پکڑ پکڑ کر عدالت کے سامنے لائیں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب پاناما پیپرز کیس کو سپریم کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر سنا گیا ،اس وقت عمران خان سینہ تان تان کر کہا کرتے تھے کہ اگر غلطی نہیں کی تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ، اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دیں تاہم وزیر اعظم محمد نواز شریف نے خود سمیت اپنی تین نسلوں کو احتساب کے لئے پیش کردیا اور آج عمران خان اور جہانگیر ترین الیکشن کمیشن،ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی جانب سے مانگے گئے ثبوت دینے کی بجائے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں۔
دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں” 90 دن کے اندر احتساب“ کا نعرہ لگایا تھا، آج 4 سال گزرنے کو ہیں صوبہ بھر میں احتساب کا نام ونشان تک نہیں ہے، اگر کمیشن بنانے کی کوشش بھی کی تھی تو اسے بھی چند ماہ کے اندراندر ہی تالے لگا دیئے گئے۔
انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو انصاف کر سکتی ہے ،اپنا حساب دے رہی ہے اور دوسروں کو پکڑ پکڑ کر عدالتوں میں لا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور جانتے ہیں کہ کون دل،نیت اور عمل سے احتساب چاہتا ہے اور کون نعروں سے کام لے کر پچھلے دروازے سے اقتدار کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں، ہم ہر روز قوم کو عمران ٰخان کے کالے دھن سے اگاہ کریں گے اور انہیں قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ آج کے کیس کے حوالے سے عمران خان 2000 ءمیں تسلیم کر چکے ہیں کہ انھوں نے اثاثے چھپائے اور ٹیکس چوری کی ہے جبکہ جہانگیر ترین بھی تحریری طور پر لکھ کر دے چکے ہیں کہ انھوں نے اپنے کک اور مالی کے ناموں پر کاروبار کیا ہے ۔عمران خان اور جہانگیر ترین کو اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا ہوگا کہ وہ عوام کو کس جانب لے جا رہے ہیں۔
اس موقع پرحنیف عباسی کاکہناتھاکہ عمران خان بے نامی اثاثوں کے مالک اوربابائے آف شور ہیں۔حنیف عباسی کاکہنا تھاکہ امید ہے کہ سپریم کورٹ انصاف کےتقاضےپورےکرےگی۔ انھوں نے مزید کہاکہ عمران خان کیخلاف کیس کی روزانہ کی بنیادوں پر سماعت ہونی چاہیئے۔