حکومت کے خلاف 10 لاکھ لوگوں کو لے کر نکلیں گے، مصطفیٰ کمال
کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف جاری احتجاج کا اگلا مرحلہ مئی کے دوسرے ہفتے میں کراچی میں شروع ہوگا، ہم اپنے مطالبات کے حصول کیلئے 10 لاکھ لوگوں کو لے کر سڑکوں پر نکلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا سندھ کے ضلع حیدرآباد میں حکومت مخالف دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم احتجاج کیلئے گزشتہ 18 دن تک فٹ پاتھ پر رہے، ہمارے 16 میں سے 8 مطالبات میئر کیلئے ہیں، جو ہم کراچی اور حیدرآباد کے میئرز کو دلانا چاہتے ہیں، جبکہ ہم نے ایسے مطالبات اٹھائے ہیں، جس سے ہمارے مخالفین کو تو فائدہ ہے ہی، لیکن ان کو بھی فائدہ ہے جو ہماری زبان نہیں بولتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج میں 10 لاکھ لوگوں کو لے کر نکلیں گے اور یہ لوگ اور ہم اپنے لئے پروٹوکول، مراعات، قید ساتھیوں کی آزادی کیلئے نہیں نکلیں گے، بلکہ ہمارے احتجاج کا مقصد کراچی سمیت صوبے کے شہریوں کو پانی، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات دلانا ہے۔