پاکستان کا روس کیخلاف جہاد میں حصہ لینا اور امریکہ کی مدد کرنے کا فیصلہ غلط تھا، سردار آصف احمد علی
لاہور: سابق وزیرِ خارجہ سردار آصف احمد علی نے کہا کہ پاکستان کو بھارت عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن بھارت کو اس کوشش میں ناکامی کا سامناہے،سی پیک منصوبے سے پاکستان میں ترقی اور معیشت کی بحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا،پاکستان کا روس کے خلاف جہاد میں حصہ لینا اور امریکہ کی مدد و معاونت کرنے کا فیصلہ غلط تھا جس کی ملک و قوم کو بھاری قیمت چکانا پڑی۔ لاہور پریس کلب کی فارن افئیرز کمیٹی کے زیرِ اہتمام ’’عالمی صورتحال میں پاکستان کا کردار‘‘کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےسردار آصف احمد علی نے کہا کہ وہ پہلی بار1985میں غیر سیاسی بنیادوں پر منتخب ہونے والی قو می اسمبلی کے رکن بنے اور پارلیمنٹ میں اس وقت تقریباایک گھنٹہ تقریر کر کے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ روس کے خلاف جہاد میں پاکستان کو غیر جانبدار رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ انہوں نے پاکستان کی سیاسی اور جغرافیائی صورتحال کا درست تجزیہ پیش کیا تھا اور پاکستان کا روس کے خلاف جہاد میں حصہ لینا اور امریکہ کی مدد و معاونت کرنے کا فیصلہ غلط تھا جس کی ملک و قوم کو بھاری قیمت چکانا پڑی۔سردار آصف احمد علی نے کہاکہ مشرقِ وسطیٰ کے معاملات میں پاکستان کو غیر جانبدار کردار ادا کرنا چاہئے ۔
انہوں نے کہاکہ مشرقِ وسطیٰ کے بعض ممالک میں دراصل اسلام دشمن قوتوں نے شیعہ اور سنی کی تفریق پیدا کرنے کی سازش کی ہے اور یہ سب کچھ عالمِ اسلام کو نقصان،اسلامی وحدت اور اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔پاکستان کی خارجہ پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے سردار آصف نے کہا کہ خارجہ پالیسی قومی مفادات اور سلامتی کے امور کو پیشِ نظر رکھ کر بنائی جاتی ہے انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور حالات کو نارمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ افغانستان کے ساتھ تمام سرحدی اور دیگر معاملات پر جامع مذاکرات کر کے دونوں ممالک ایک دوسرے کے خدشات اور تحفظات کو دور کریں۔انہوں نے کہا کہ روس کے خلاف جاری جہاد کے دوران ایک ایسا وقت بھی آیا تھا جب اسرائیل جرنیلوں نے پاکستان آکر معاونت کی۔اس موقع پر میاں حبیب،جلیل الرحمٰن،راجہ ریاض،ضیاءاللہ نیازی،سید شعیب الدین،نعیم مصطفی،انتخاب حنیف شیخ،یوسف عباسی اور دیگر سینئر صحافی بھی موجود تھے۔پروگرام کے اختتام پر سیکرٹری پریس کلب عبد المجید ساجد نے معزز مہمان کویادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے۔