اسلام آباد

چیئرمین پیمرا کی اپیل پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا نوٹس

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ملازمین کو ملنے والی دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ ریجنل مینیجرز کانفرنس کے دوران چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نوازشریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیمرا ملازمین کو ملنے والی دھمکیوں کا نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ چیئرمین پیمرا کو کرائی گئی یقین دہانی کے مطابق اتھارٹی کے ملازمین کی جان ومال کا تحفظ کیا جائے گا اور ریاستی امور کی بجا آوری میں روڑے اٹکانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ابصار عالم کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز بھی ہوگیا ہے جو ایک خوش آئند امر ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پیمرا نے رواں ہفتے 8 مئی کو ایک پریس کانفرنس کے دوران پیمرا افسران کو ملنے والی دھمکیوں سے میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔ پریس کانفرنس کے دوران ابصار عالم نے ایک ٹیلی فون کال بھی سنوائی تھی جس میں کال کرنے والا شخص کو دھمکیاں دیتے اور ایک چینل کو فعال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا تھا۔ ابصار عالم نے وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم، چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے ادارے کے ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close