اپوزیشن کو طاقت کی گولیوں کی ضرورت ہے: فواد چودھری
اسلام آباد: اپوزیشن بھان متی کا کنبہ ہے، ان کا کوئی لیڈر نہیں ہے
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے کھڑے ہوتے ہیں پھر گر جاتے ہیں، اپوزیشن کو طاقت کی گولیوں کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا گیا، اجلاس کا سب سے اہم ایجنڈا مہنگائی پر کنٹرول سے متعلق تھا، مہنگائی کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر کورونا کی جاری لہر ہے، مہنگائی کے باعث امریکا جیسا ملک بھی شدید دباؤ کا شکار ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دیگر ملکوں کے برعکس پاکستان کی معیشت فروغ پارہی ہے، کور کمیٹی نے وزیر اعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی کو سراہا، وزیر اعظم صرف آدھے گھنٹے کے نوٹس پر سپریم کورٹ پہنچے، اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں 2کروڑ سے زائد لوگ افلاس کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باوجود پیٹرول کی کھپت 26 فیصد بڑھ گئی ہے، گاڑیوں اور موٹرسائیکل کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو کیا پتہ کہ پاکستان کی سیاست کیا ہے، اپوزیشن بھان متی کا کنبہ ہے، ان کا کوئی لیڈر نہیں ہے، پی ڈی ایم والے کھڑے ہوتے ہیں پھر گر جاتے ہیں، اپوزیشن کو طاقت کی گولیوں کی ضرورت ہے۔