آرمی چیف نے کہا کلبھوشن کیلئے وکیل فوج نےکیا، عدالتی معاملے پر فوج کوزیادہ تجربہ نہیں ہوتا، خورشید شاہ
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ آرمی چیف نے کہاکلبھوشن کے لئے وکیل فوج نے دیا،فوج کو عدالتی معاملے پر زیادہ تجربہ نہیں ہوتا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملے پرشکوک وشبہات بڑھ گئے ہیں،کلبھوشن کا تعلق ملکی سیکیورٹی سے ہے اور اس معاملے پر حکومت کی نااہلی نظر آرہی ہے جبکہ حکومت کو عالمی عدالت انصاف میں اٹارنی جنرل کو بھیجنا چاہیے تھا۔ اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پاکستان کے لئے بڑا دھچکا ہے،وزیرخارجہ کوئی نہیں وزیراعظم نے یہ وزارت اپنے پاس رکھی ہوئی اور جندال سے بھی کلبھوشن کے معاملے پر بات ہوئی ہوگی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈان انکوائری کمیشن رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی پھانسی پر عملدرآمد روکنے کا عبوری حکم جاری کیا تھا۔