عمران خان کی شخصیت تضادات کا مجموعہ ہے، سعد رفیق
اسلام آباد: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان کی پوری شخصیت تضادات کا مجموعہ ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی پوری شخصیت تضادات کا مجموعہ ہے۔ عمران خان ہر وہ کام جو دوسروں کے لیے پسند نہیں کرتے اپنے لیے پسند کرتے ہیں۔ پارٹی فنڈنگ کیس پرعمران خان بار بار الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہیں، جب کوئی دوسرا قانون کی اسی شق کا سہارا لے کر دائرہ اختیار کو چیلنج کرے تو گالیاں دیتے ہیں۔عمران خان بنی گالہ کی جائیداد پر ایک جگہ کہتے ہیں کہ اہلیہ نے تحفے میں دی اور اب ان کا نیا بیان سامنے آگیا ہے۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ وکلا برادری کی جانب سے نہیں کیا گیا، یہ ان چند لوگوں کا مطالبہ ہے جن کے سیاسی مفاد ہیں، خیبر پختو نخوا کے عوام توقعات پر پورا نہ اترنے والوں کو اگلی بار عبرت ناک شکست دیتے ہیں، عمران صاحب نے خیبر پختونخوا میں کام کے بجائے وفاقی حکومت کی مخالفت میں وقت گزاردیا، جس کی وجہ سے وہ خیبر پختونخوا سے آئندہ الیکشن ہاریں گے۔