قصورمیں پی ٹی آئی رہنما کے قتل میں ملوث مجرموں کو 8،8 بار سزائے موت کا حکم
قصور: پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما مسعود بھٹی کو قتل کرنے والے ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 8،8 بار سزائے موت اور 10،10 لاکھ جرمانے کی سزاسنا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں پی ٹی آئی رہنما کے قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر قتل میں ملوث ریاض ولد سرجا اور اس کے 6 ساتھیوں کو 8،8 بار سزائے موت جب کہ فی کس 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دے دیا اور قتل میں ملوث دیگر 3 ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 11 جنوری 2014 کو تحریک انصاف کے مقامی رہنما مسعود بھٹی اپنے 3 محافظوں اور ایک ساتھی ضیااللہ ایڈوکیٹ سمیت لاہور سے قصور جارہے تھے کہ فیروز پور روڈ پر مصطفیٰ آباد ٹول پلازہ کے قریب موٹر پر سوار مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مسعود بھٹی اور ان کے 3 محافظ موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ان کے دوست نے اسپتال میں جان دی۔