لوگوں نے نہیں سوچا تھا تبدیلی کی اتنی بڑی قیمت ادا کرنی پڑے گی
لاہور: 70 سالوں میں سیاست ایسی کبھی نہیں رہی جو 3سال میں رہی
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے تو سیاست کو ایک گالی بنادیا ہے، لوگوں نے نہیں سوچا تھا تبدیلی کی اتنی بڑی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
خواجہ آصف کا لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج لوگ گیس نہ ہونے پر لکڑی کی جگہ بلے جلا رہے ہیں، ساڑھے 3 سالوں میں بہت سی چیزیں دیکھنے کو ملیں،70 سالوں میں سیاست ایسی کبھی نہیں رہی جو 3سال میں رہی، موجودہ حکومت نے تو سیاست کو ایک گالی بنادیا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کچھ ایسی باتیں ہیں جو گزشتہ 74 سالوں میں نظر نہیں آئیں، 2018 کے دھاندلی زدہ الیکشن کے بعد ہمارے 83 ایم این اے تھے، آج بھی تمام 83ایم این اے نواز شریف کے ساتھ ہیں، یہ نئی روایت ہے جوائنٹ سیشن میں 203 ووٹ اپوزیشن نے لیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک رات قبل فون نہ بجے ہوتے تو شاید پی ٹی آئی کو ووٹ نہ ملتے، ہوسکتا ہے جوائنٹ سیشن میں ہی پی ٹی آئی کا خاتمہ ہوجاتا، لوگوں نے بتایا عمران خان جیل میں تھے تو سارا دن روتے رہتے تھے، عمران خان 4 سے 5 دن جیل میں رہے، لوگوں نے نہیں سوچا تھا تبدیلی کی اتنی بڑی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔