سینیٹرنہال ہاشمی کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس سے رپورٹ طلب
لاہور: سیشن عدالت نے سینیٹرنہال ہاشمی کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت دائراندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس سے 2روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت میں گزشتہ روزعمران بھٹہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سینٹر نہال ہاشمی کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو تقریر پاناما کیس کی سماعت کرنے والے ججوں،ان کے بچوں اورجے آئی ٹی کے ممبران کو کھلی دھمکیاں دینے کے مترداف ہے۔انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی نے دھمکی آمیز تقریر کے ذریعے پاناماکیس کے حوالے سے عدلیہ پر براہ راست اثر انداز ہونے کی کوشش کی جو کہ کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کی تقریر میں ملکی سالمیت اور قومی اداروں کی تضحیک کی گئی۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالت سینٹر نہال ہاشمی کے خلاف دہشت گردی اور غداری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم صادر کرے۔تھانہ اسلام پورہ کے ایس ایچ او نے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے 2یوم کی مہلت طلب کی جس پرعدالت نے ایس ایچ اوتھانہ اسلام پورہ کو2روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے۔