Featuredپنجاب

حکمران صرف مال بنانے میں مصروف ہیں

لاہور : عمران حکومت کا واحد معاشی مقصد اب صرف عوام سے ٹیکس بٹورنا رہ گیا ہے

حمزہ شہباز شریف نے منی بجٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ نہیں لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کا منصوبہ ہے۔

حمزہ شریف نے جاری بیان میں کہا ہے کہ آج حکومت منی بجٹ نہیں عوام کے معاشی قتل عام کے پروانے کی کابینہ سے منظوری لینے جا رہی ہے۔ ساڑھے تین سال بعد بھی عمران خان کا منی بجٹ لانے کی وجہ گذشتہ حکومتوں کو قرار دینا دماغی خلل کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 350 ارب کے منی بجٹ کے ذریعہ لگنے والے ٹیکسوں سے جو سیکڑوں اشیاء مہنگی ہونے جا رہی ہیں، اس کا عام مہنگائی پر اثر نہیں پڑے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ عمران حکومت کا واحد معاشی مقصد اب صرف عوام سے ٹیکس بٹورنا رہ گیا ہے، حکمران مال بنانے میں مصروف ہیں اور عوام فاقوں سے خودکشی پر۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے عوام کو لنڈے کے کپڑوں تک کا نہیں چھوڑا، پیک فوڈ، بجلی، پیٹرول، دالیں اور گھی سمیت دیگر اشیاء اس منی بجٹ کے مرہون منت مزید مہنگی ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی تجاویز بھی تشویشناک ہیں تمام معاشی اشاریے بتا رہے ہیں کہ ملک ریت کے پہاڑ کی طرح ڈھے رہا ہے۔ معاشی غلامی اختیار کر کے سیکورٹی پالیسی پر بغلیں بجانا اس حکومت کی کوتاہ اندیشی کی مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ سے لگنے والے ٹیکسوں سے کاروبار مزید ختم اور معیشت سکڑ کر رہ جائے گی یہ بجٹ نہیں لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کا منصوبہ ہے۔ حکومت منی بجٹ سے موجودہ 11.5 فیصد ماہانہ اور 19.8 فیصد ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کو آگ لگانے جا رہی ہے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عمران خان منی بجٹ لانے کے بجائے عوام سے جھوٹے وعدے، کمر توڑ مہنگائی، معاشی سبز باغ دکھانے اور ملک کو تباہ کرنے پر معافی مانگے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close