لاہور: مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا، اب عمران خان کی سرکار ایک دن کے لئے بھی برداشت نہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ سے قبل کسان مارچ اور پارلیمنٹ میں مؤثر احتجاج کا ٹریلر حکومت کے لئے ایک اہم سبق ہوگا، اب عمران خان کی سرکار ایک دن کے لئے بھی برداشت نہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی سندھ اور بلوچستان ایگزیکٹوز کا بلاول ہاؤس لاہور میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کے عہدیداران نے صوبے کی سیاسی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی اور 27 فروری کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے قبل کسان مارچ اور پارلیمنٹ میں مؤثر احتجاج کا ٹریلر حکومت کے لئے ایک اہم سبق ہوگا۔مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں موجودہ حکومت کے خلاف ایک زبردست تحریک اس وقت تک چلے گی جب تک ملک میں نئے الیکشن نہیں ہوتے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سید یوسف رضا گیلانی کے گھر ملاقات ہوئی۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی خوشدامن اور پیر اسرار حسین شاہ کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی اور بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔