لاہور: یہ حکمران مرتے لوگوں کا تماشہ ہیلی کاپٹروں میں بیٹھ کر دیکھ رہے ہیں
بلاول بھٹو کی زیر صدارت جنوبی پنجاب کے ایگزیکٹوز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت، فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں شرکا نے مطالبہ کیا کہ سانحہ مری کی شفاف تحقیقات کروائی جائے، غفلت کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لاکر سزا دی جائے۔
بلاول بھٹو کو جنوبی پنجاب کے عہدیداران نے سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا، لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکمران موت کا ذمہ دار مرنے والوں کو قرار دے رہے ہیں، حکمران ہیلی کاپٹروں میں مرتے لوگوں کا تماشہ دیکھ رہے تھے، یہ حکمران وہی تھے جو سائیکل والے وزیر اعظم کی مثالیں دیتے تھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پاکستان کے ہرعام آدمی کیلئے ہے، ظالم حکمران عوام کو تکلیف دیں میں خاموش بیٹھوں یہ نہیں ہوسکتا، لانگ مارچ کا مقصدعوام کے ساتھ ہونے والے ظلم کو خاتمہ ہے۔