ورلڈ ہاکی لیگ؛ گرین شرٹس کو بھارت کے ہاتھوں شکست
لاہور: ایف آئی ایچ ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنل میں گرین شرٹس کو بھارت کے ہاتھوں 1-7 سے شکست کا سامنا رہا۔ ایف آئی ایچ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راﺅنڈ میں پاکستان کی مسلسل تیسری شکست ہے، بھارت نے عبدالحسیم الیون کو 1 کے مقابلے میں7 گول سے شکست دی، بھارت کی طرف سے ہرمنپریت سنگھ، آکاش دیپ سنگھ اور تلویندر سنگھ نے 2، 2 بار گیند کو جال کے اندر پھینک کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردارادا کیا، مور دیپ نے ایک گول کیا، پاکستان کی طرف سے واحد گول محمد عمر بھٹہ نے کیا۔
ہالینڈ اور کینیڈا کے بعد بلیو شرٹس کے خلاف بھی عبرت ناک ناکامی کے بعد گرین شرٹس کے لیگ کے اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات بھی معدوم رہ گئے۔ پاکستان کے خلاف 3 میچز کے دوران مجموعی طور پر17گول ہوئے ہیں جب کہ قومی ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہوسکی ہے۔ ہالینڈ نے گرین شرٹس کو 0-4 سے جب کہ کینیڈا نے صفر کے مقابلے میں 6 گول سے زیر کیا تھا۔ گرین شرٹس کو کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لئے آج اسکاٹ لینڈ کے خلاف شیڈول میچ میں حریف سائیڈ کو بڑے مارجن سے ہرانا لازمی ہوگا۔