فیس بک نے شکل تبدیل کرنے والی ایپ خرید لی
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے تصویروں میں ردوبدل کرنے والی ایپلیکیشن ’میسکیوریڈ‘ خرید لی ہے۔ اِس ایپلیکیشن کے ذریعے سے صارفین حقیقی وقت میں اپنے ظاہری چہرے کو تبدیل کر پائیں گے۔
یہ ایپلیکیشن چہروں کو تبدیل کر دیتی ہے، آپ اپنے چہرے کو کارٹون کی طرح بنا سکتے ہیں اور میک اپ بھی کر سکتے ہیں۔ اِس میں براہ راست ویڈیو کے دوران اینیمل فیچرز سمیت کئی دیگر خصوصیات کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
میسکیوریڈ نامی اِس ایپلیکیشن کے فلٹرز یعنی خصوصیات کا مقابلہ حریف سنیپ چیٹ سے کیا جا رہا ہے۔ جس کو سنہ 2013 میں فیس بک نے خریدنے کی کوشش کی تھی۔
ایک ماہر کا کہنا ہے کہ فیس بک نے سنیپ چیٹ سے مقابلے کا جواب دیا ہے، جہاں روزانہ لاکھوں ویڈیو پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔
چہروں کو تبدیل کرنے والی ایپلیکشنوں نے اُس وقت مقبولیت حاصل کی تھی جب فوری طور پر پیغام بھیجنے والی اپلی کیشن سنیپ چیٹ نے سنہ 2015 میں لینسز نامی براہ راست فلٹرز متعارف کرایا تھا۔
جس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر چہرے تبدیل کرنے والے فلٹر کو بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا
ڈیجیٹل کنسلٹنسی سوہو سٹریٹیجی نامی کمپنی کے انتظامی شراکت دار ڈیوڈ ولکنسن کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال میں فیس بک کو اندازہ ہوگیا ہے کہ سنیپ چیٹ کے پاس کچھ ہے، جو اُس کے پاس نہیں ہے۔‘
لوگوں کی بڑی تعداد فلٹر والی سیلفی ویڈیوز شائع کر رہے ہیں، اور توقع ہے کہ یہ ایپلیکیشن فیس بک میسنجر میں ضم ہو سکتی ہے۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق سنہ 2013 میں فیس بک نے تین ارب ڈالر کے عوض سنیپ چیٹ خریدنے کی کوشش کی تھی، لیکن کمپنی نے یہ پیشکش مسترد کر دی تھی۔
فیس بک حکام نے یہ بات ظاہر نہیں کی کہ اُس نے بیلاروس کی اِس ایپلیکیشن میسکیوریڈ کو کتنے معاوضے کے عوض خریدا ہے، لیکن اُن کا کہنا ایپلیکیشن انفرادی طور پر کام جاری رکھے گی اور اُس کے ساتھ ساتھ اِس کی خصوصیات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں ضم کر دیا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’میسکیوریڈ بہترین ٹیکنالوجی ہے اور اِس سے ہمیں فیس بک پر بھی مزید تخلیقی آلات متعارف کرانے اور اپنے کام کو ویڈیوز تک وسعت دینے میں مدد ملے گی