دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز اپنے پہلے سفر پر روانہ
بڑے بحری جہاز کے ذکر پر عموماً ٹائی ٹینک کا نام سب سے پہلے ذہن میں آتا ہے لیکن آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز ’’ہارمونی آف سیز‘‘ ہے جو اپنے پہلے سفر پر روانہ ہو چکا ہے۔
فرانس میں تیار ہونے والے اس جہاز کی تیاری پر ایک ارب ڈالر کی لاگت آئی ہے۔ ٹائی ٹینک کی لمبائی 882 فٹ تھی جب کہ اس جہاز کی لمبائی 1188 فٹ ہے جو 5 بوئنگ 747 طیاروں کے برابر ہے۔ یہ بحری جہاز سمندر میں ایک چلتے پھرتے شہر کا منظر پیش کرتا ہے۔ اس کی تزئین و آرائش انتہائی خوبصورتی سے کی گئی ہے۔ دیکھنے والوں کو متاثر کرنے کے لیے اس کے اندر ایک جیسا ڈیزائن نہیں رکھا گیا بلکہ مختلف تھیمز اپنائے گئے ہیں جو اس کی دلکشی میں بے پناہ اضافہ کرتے ہیں جب کہ دنیا کے سب سے بڑے بحری جہاز کو امریکی رائل کیریبیئن کروز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
فرانس کے ساحل سے روانہ ہونے والے جہاز کے پہلی دفعہ سمندر میں اترنے کا دلفریب منظر دیکھنے کے لیے ہزاروں شہری موجود تھے۔ سمندر میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے اس جہاز میں 25 ہزار ہارس پاور کی طاقت موجود ہے۔ یہ 25 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جہاز میں 18 ڈیکس موجود ہیں جن پر بنائے گئے 6780 کمروں میں 2747 مہمان ٹھہر سکتے ہیں۔ جہاز کے عملے میں 2100 دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں۔ مہمانوں کے لیے اس جہاز میں تفریح کا سارا بندوبست موجود ہے۔ فلم بینی کے لیے اس میں ایک سینما بھی بنایا گیا ہے۔