پھولوں کو کئی روز تک تازہ اور خوشبوداررکھنے کا طریقہ دریافت
امریکی کمپنی نے جینیاتی طور پر ایسا گلاب کا پھول تیار کیا ہے جو معمول سے مزید کئی روز تک تروتازہ اور خوشبودار رہتا ہے۔
کمپنی نے تبدیل شدہ گلاب کے لیے اس سال پیٹنٹ کی درخواست دائر کردی ہے جس میں پودے کے ڈی این اے کو تبدیل کیا گیا ہے جو اس سے ایتھائلین گیس کے اخراج کو روکتا ہے۔ یہ گیس پھلوں کو پکاتی اوراسی کی وجہ سے پھولوں کی پتیاں مرجھا کر بے جان اور سیاہ ہوجاتی ہے۔ اس طریقے سے گلاب، جمبالہ اور کارنیشن کے پھولوں کو مزید کئی روز تک تازہ رکھا جاسکتا ہے اور اس وجہ سے ان پھولوں کی برآمدات اور تجارت کو فروغ مل سکے گا۔
امریکی پیٹنٹ اور ٹریڈ مارک آفس میں دی گئی درخواست کے مطابق اس کی سب سے اہم ایجاد آراین اے نامی مادہ ہے جو گلدان کے پانی میں شامل کرکے پھولوں کے رنگ، خوشبو اور ظاہری کیفیت کو طویل عرصے تک برقرار رکھ سکیں گے۔ کمپنی ماہرین نے اس کے لیے ای آئی این ٹو جین پر کام کیا ہے جو گلاب اور دیگر پودوں کے پھولوں میں ایتھائلین پیدا کرتا ہے۔